شرابی کی نماز جنازہ پڑھی جاے گی کہ نہی
السلام علیکم ورحمتہ اللہ وبرکاتہ
حضرت ایک سوال عرض ہے کہ
شراب پینے کی حالت میں اگر آدمی انتقال کر جاۓ یا کوئی برا کام کرتے وقت انتقال کرجائے تو اس کی نماز جنازہ اور ایصال ثواب وغیرہ کے لئے کیا حکم ہے
سائل وسیم اختر نعیمی
:::::::::::::::::::::::::::::::::::::::::::::::::::::::::::::::::
وعلیکم السلام ورحمتہ اللہ وبرکاتہ
الجواب بعون الملک الوہاب
ہرمسلمان کے جنازے کی نماز فرض (کفایہ) ہے
اعلیٰ حضرت امام احمد رضا قادری بریلوی علیہ الرحمۃ والرضوان سنن ابوداؤد شریف کے حوالے سے تحریر فرماتے ہیں کہ
حضور نبی اکرم صلی اللّٰہ تعالیٰ علیہ وسلم ارشاد فرماتے ہیں
*الصلاۃ واجبۃ علیکم علی کل مسلم مات برا کان اوفاجرا وان عمل الکبائر* ملخصا
(سنن ابوداؤد جلد اول صفحہ 374)
ترجمہ
ہر مسلمان کے جنازے کی نماز تم پر فرض (کفایہ) ہے نیک ہو یابد
اگرچہ ------------ !!!
اس نے گناہ کبیرہ کئے ہوں
(فتاویٰ رضویہ جلد 7کتاب الجنائز صفحہ 74 مطبوعہ امام احمد رضا اکیڈمی بریلی شریف)
حضرت صدر الشریعہ علیہ الرحمہ تحریر فرماتے ہیں کہ
مرتکب کبیرہ مسلمان ہے اور جنت میں جائے گا خواہ اللہ عزوجل اپنے محض فضل سے اس کی مغفرت فر مادے یا حضور اقدس صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کی شفاعت کے بعد یا اپنے کئے کی کچھ سزا پا کر اس کے بعد کبھی جنت سے نہ نکلے گا
(بہار شریعت حصہ اول صفحہ 55 ایمان وکفر کا بیان )
اور حضرت شمس العلماء مفتی شمس الدین احمد جعفری علیہ الرحمہ لکھتے ہیں کہ
کبیرہ گناہ کرنے سے مسلمان کافر نہیں ہوجاتا
بلکہ ------------!!!
مسلمان ہی رہتا ہے اگر بلا توبہ مرجائے توبھی جنت ملے گی گناہ کی سزا بھگت کر یا معافی پاکر اور یہ معافی اللہ تعالیٰ محض اپنی مہربانی سے دے یا حضور علیہ السلام کی شفاعت سے
(قانون شریعت حصہ اول صفحہ 36)
رہا ایصالِ ثواب کا سوال تو اعلیٰ حضرت امام احمد رضا قادری بریلوی علیہ الرحمۃ والرضوان تحریر فرماتے ہیں
اموات مسلمین کے نام پر کھانا پکا کر ایصالِ ثواب کے لئے تصدق کرنا بلاشبہ جائز و مستحسن ہے
نیز فرماتے ہیں کہ فاتحہ بیشک جائز ہے وہ مسلمان میت کو نفع پہنچانا ہے اور فرض کے بعد کوئی چیز مولیٰ تعالیٰ کو اس سے زیادہ پسند نہیں کہ مسلمان کو نفع پہنچایا جائے
حدیث میں ہے
*من استطاع منکم ان ینفع اخاہ فلینفعہ*
(فتاویٰ رضویہ جلد 7صفحہ 386 /387 )
اس سے معلوم ہوا کہ
شراب نوشی کے سبب وہ شخص سخت گناہ گار تھا تاہم بعد وفات اس کے جنازے کی نماز پڑھی جائے گی اور اس کو ایصالِ ثواب کرنا بھی جائز ہے
ہاں وہ اپنے کئے کی سزا بھگتے گا
واللہ تعالیٰ اعلم
ابوالاحسان قادری رضوی غفرلہ
Comments
Post a Comment