ربیع الثانی میں گیارہ 11 تاریخ سے پہلے نیاز غوث کر سکتے ہیں یا نہیں
*السلام علیکم ورحمتہ اللہ*
کیا فرماتے ہیں علماء کرام اس مسئلہ کے بارے کی ماہ ربیع الثانی میں گیارہ 11 تاریخ سے پہلے نیاز غوث کر سکتے ہیں یا نہیں . نیز اگر کر سکتے ہیں تو پھر سب لوگ 11 تاریخ کا انتظار کیوں کرتے ہیں
مدلل و مفصل جواب سے نوازیں عین نوازش ہوگی
*سائل جابر رضا رامپوری*
_____________________________________
وعلیکم السلام و رحمۃاللہ وبرکاتہ
الجواب اللہم ہدایۃ الحق والصواب
حضور محبوب سبحانی شہباز لامکانی عالم ربانی پیرپیراں میرمیراں دستگیر بیکساں سیدنا غوث اعظم رضی اللہ تعالیٰ عنہ ودیگر بزرگان دین کی نذر ونیاز کسی بھی دن کسی بھی مہینے میں دلانا جائز ومستحسن وباعث سعادت ہے دن تاریخ کی تخصیص عرفی ہے
*نہ کہ شرعی*
فتاویٰ مرکز تربیت افتاء میں ہےکہ
گیارہویں ربیع الآخر کوحضور غوث اعظم رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی نیاز دلانا اس لئے زیادہ مناسب ہے کہ عامۃ المسلمین کے عرف کے مطابق ہے ویسے تواولیاء و بزرگانِ دین کے نام سے نذر ونیاز دلانا ہردن جائز ومستحسن وباعث سعادت خواہ کسی تاریخ اوردن کی تخصیص ہو یانہ ہو
بلکہ ________.!!!
کسی خصوصیت کےسبب ایک تاریخ کاتعین جب کہ اسےشرعاواجب نہ جانےمضائقہ نہیں
رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ و سلم پیر جمرات کو نفل روزہ رکھتے تھے مگر اس سے کوئی یہ نہیں سمجھتا کہ اگراتوار منگل کوروزہ رکھتے تو نہ ہوتا نہ یہ سمجھتا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ و سلم نے پیر جمعرات کا روزہ واجب سمجھا جیسا کہ مشکوٰۃ شریف حضرت عآئشہ صدیقہ رضی اللہ تعالٰی عنہا سے مروی ہے
*عن عآئشۃ قالت کان رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ و سلم یصوم الاثنین والخمیس رواہ الترمذی والنسآئی*
(ج 1ص 180)
چار چھ سطر بعد فتاویٰ مذکور میں ہے کہ
گیارہ ربیع الآخرکوحضور غوث اعظم رضی اللہ تعالیٰ عنہ کےنام نیاز دلاناتخصیص ہے لیکن عرفی ہے *نہ کہ شرعی* کہ دوسری تاریخ مثلاً سترہ اٹھارہ وغیرہ کوفاتحہ دلانا ناجائز ہے
لہٰذا _________.!!!
خاص گیارہویں تاریخ کاہوناشرعا ضروری نہیں اورجو شرعاً ضروری جانے محض غلطی پر ہے ایسا ہی فتاویٰ رضویہ جلد 4ص 224
اور فتاویٰ امجدیہ جلد 1ص 354پر ہے
(فتاویٰ مرکز تربیت افتاء جلد اول کتاب الایمان والنذور صفحہ 654 )
اس تفصیل سے بخوبی واضح ہوگیا کہ
اگر کوئی گیارہویں ربیع الآخر سے پہلے یا گیارہویں ربیع الآخرکے بعد جب بھی جس دن بھی جس مہینے بھی حضور غوث اعظم رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی نیاز دلائے گا فاتحہ ہوجائے گی
رہا گیارہویں ربیع الآخرکی تاریخ کے انتظار کاسوال تو چونکہ عامۃ المسلمین اور بزرگانِ دین مذکورہ تاریخ میں سرکار بڑے پیر دستگیر رضی اللہ تعالٰی عنہ کی نیاز دلاتے آئے ہیں تو اس یاد کوباقی رکھنے کے لئے اس تاریخ عشاق فاتحہ دلاتے ہیں اور دلاتے رہیں گے ان شاءاللہ
ہوں گی آساں ساری تیری مشکلیں
صدق دل سے غوث کی کردے نیاز
ہے فضیلت گیارہویں تاریخ میں
اس لئے افضل ہے اس میں دے نیاز
واللہ تعالیٰ ورسولہ اعلم
ابوالاحسان قادری رضوی غفرلہ مہاراشٹر
Comments
Post a Comment